Quantcast
Channel: Sports News in Urdu - کھیل - ایکسپریس اردو
Viewing all 17498 articles
Browse latest View live

دورۂ جنوبی افریقہ، گھر کے بھارتی شیر پہلی آزمائش میں ڈھیر

$
0
0

جوہانسبرگ: گھر کے بھارتی شیر پہلی آزمائش میں ڈھیر ہوگئے، جنوبی افریقہ نے ابتدائی ون ڈے 141رنز سے جیت لیا۔

دھونی کی مزاحمت کسی کام نہ آئی، اس سے پہلے میزبان نے 4 وکٹ پر 358 رنزاسکور کیے، ڈی کاک نے سنچری بنائی۔ تفصیلات کے مطابق فتح کے لیے 359 کا ہدف پانے والی بھارتی ٹیم 41 اوورز میں 217 رنز پر آئوٹ ہوگئی، ہوم گرائونڈز پر رنز کے ڈھیر لگانے والے بیٹسمین یہاں رنز اسکور کرنا ہی بھول گئے، کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے مزاحمت کرتے ہوئے 65 رنز بنائے مگر یہ اسکور انتہائی ناکافی ثابت ہوا، ویرت کوہلی نے31 اور رویندرا جڈیجا نے 29 رنز اسکور کیے، حال ہی میں ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے روہت شرما 18، شیکھر دھون 12 اور یوراج سنگھ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے۔

اس سے پہلے ڈی کاک اور ہاشم آملا نے جنوبی افریقہ کو 152 رنز کی مضبوط بنیاد فراہم کی، آملا 65 رنز پر آئوٹ ہوئے، جیک کیلس کے 10 رنز پر رخصت ہونے کے بعد ڈی کاک نے ڈی ویلیئرز کے ساتھ اسکور کو 247 تک پہنچایا، اس موقع پر وہ خود 135 گیند پر کوہلی کو ریٹرن کیچ دے بیٹھے، ڈی ویلیئرز 77 رنز پر آئوٹ ہوئے جبکہ ڈومنی 59 پر ناقابل شکست رہے، محمد شامی نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل اتوار کو کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔


انگلینڈ نے آسٹریلیا پر غلبے کا سنہری موقع گنوا دیا، 3 کیچز ڈراپ

$
0
0

ایڈیلیڈ: ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 3کیچز ڈراپ کر کے آسٹریلیا پر غلبہ پانے کا سنہری موقع گنوا دیا۔

میزبان نے پہلے دن کا اختتام5 وکٹ 273 رنز پر کیا، کرس روجرز، شین واٹسن اور جارج بیلی نے نصف سنچریاں بنائیں، کپتان مائیکل کلارک 48پر ناٹ آئوٹ رہے،اسٹورٹ براڈ نے2 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ اوول میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے والی میزبان ٹیم کو پہلا نقصان 34 رنز پر برداشت کرنا پڑا، ڈیوڈ وارنر (29) براڈ کی گیند پر کیربری کو کیچ تھما کر چلتے بنے، کرس روجرز اور شین واٹسن نے 121 رنز کی شراکت سے ابتدائی نقصان کا ازالہ کیا، چائے کے وقفے سے قبل آدھے گھنٹے میں 3 وکٹیں لے کر مہمان سائیڈ کھیل میں واپس آ گئی، شین واٹسن (51) نے اینڈرسن کو ریٹرن کیچ تھمایا، روجرز 72 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پرائر کا کیچ ثابت ہوئے، سوان نے پہلی وکٹ کا جشن منایا، اسٹیون اسمتھ (6) پنیسر کی گیند پر بولڈ ہو گئے،174پر 4 وکٹیں گرنے سے انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم ہو گی،ایسے میں 10کے انفرادی اسکور پر بیلی کا پنیسر نے مشکل ریٹرن کیچ چھوڑدیا، اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انھوں نے مائیکل کلارک کے ساتھ84رنز کی شراکت بنا دی۔

سوان کی گیند پر کپتان بھی 18رنز پر آئوٹ ہونے سے بال بال بچے جب مڈ وکٹ پر موجود جوئے روٹ ڈائیو لگا کر بھی کیچ کو قابو نہ کر سکے،آسٹریلیا4 وکٹ پر257 رنز بنا کر مضبوط پوزیشن پر تھا کہ اختتامی لمحات میں سوان نے اسکوائر لیگ پر اچھل کر جارج بیلی کا کیچ تھام لیا، کینگرو بیٹسمین نے اسٹورٹ براڈ کو ہک کرتے ہوئے وکٹ گنوائی، وہ 53 رنز کی اننگز کے دوران خاصے جارحانہ موڈ میں نظر آئے، انھوں نے پنیسر کو 2جبکہ براڈ کو ایک چھکا رسید کیا، بیلی کی وکٹ سے انگلینڈکو کھیل میں واپس آنے کا موقع مل گیا، ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم ہو سکتی تھی مگر بیک ورڈ پوائنٹ پر ہیڈن کا آسان کیچ مائیکل کیربری نہ پکڑ سکے،میزبان نے دن کا اختتام 5 وکٹ پر273 کے اسکور پر کیا، کپتان مائیکل کلارک 48 اور بریڈ ہیڈن7پر ناٹ آئوٹ رہے، براڈ نے 2 وکٹوں کیلیے 63رنز دیے۔

’’فکسنگ بم‘‘ نے کیوی کرکٹ کے درو دیوار ہلا دیے

$
0
0

ویلنگٹن: ’’فکسنگ بم‘‘ نے کیوی کرکٹ کے درودیوار ہلادیے، سابق کرکٹرز لوونسنٹ، کرس کینز اور ڈیرل ٹفی کا نام سامنے آنے پر لوگ ششدر رہ گئے۔

بیٹسمین ونسنٹ نے اپنے خلاف آئی سی سی تحقیقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مناسب وقت پر سب کچھ عوام کے سامنے لے آئوں گا، آل رائونڈر کرس کینز کا کہنا ہے کہ ہمیں کونسل کی چھان بین کا انتظار کرنا چاہیے، نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے سابق کھلاڑیوں پر الزامات حیران کن ہیں، ان کے نام پہلے سے ہی جانتے تھے، آئی سی سی سے قریبی رابطے میں ہیں،کونسل نے بھی فکسنگ انکوائری چند ماہ سے جاری ہونے کی تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے نیوزی لینڈ کے کچھ سابق کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات چار ماہ سے جاری ہونے کا گذشتہ روز انکشاف ہوا تھا، اب ان کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آگئے،ان میں بیٹسمین لو ونسنٹ، آل رائونڈر کرس کینز اور فاسٹ بولر ڈیرل ٹفی شامل ہیں، ان ناموں کو دیکھ شائقین کرکٹ حیران رہ گئے جبکہ الزامات نے کیوی کرکٹ کو بری طرح ہلا کر رکھ دیا۔

لوونسنٹ نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ آئی سی سی جن تین پلیئرز کے خلاف تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے ان میں وہ بھی شامل اور کونسل کے ساتھ اس معاملے پر مکمل تعاون کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ میں ہر کسی کو اس بات سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری حالیہ تحقیقات میں مکمل تعاون کررہا ہوں، اس حوالے سے کئی قوانین موجود ہیں اس لیے میں کوئی بھی تبصرہ نہیں کرسکتا، جب میں کچھ کہنے کے قابل ہوا تو شائقین سے خود ہی بات کروں گا، فی الحال میں اس معاملے پر اور کوئی ردعمل پیش نہیں کرسکتا۔ مقامی اور انٹرنیشنل میڈیا میں کرس کینز اور ڈیرل ٹفی کا بھی نام آیا مگر نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق نہیں کی ، اس معاملے میں جب بورڈ ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے تمام سوالات آئی سی سی کو بھجوا دیے اور وہاں سے بھی کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب کرس کینز نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ مجھے اپنا نام اس معاملے میں سامنے آنے پر کافی حیرت ہوئی، میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، انھوں نے اس بات کی تصدیق کردی کہ آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ اس بارے میں تحقیقات میں مصروف ہے، ان کا کہنا تھا کہ کونسل کو اپنا کام کرنے دیا جائے تاہم واضح کیا کہ ان کا اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ براہ راست رابطہ نہیں ہوا ہے۔ ڈیرل ٹفی نے آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کی نمائندگی 2010 میں کی تھی جبکہ لوونسنٹ نے 2007 اور کینز نے 2006 میں اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔

دن کے آغاز میں ہی نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے ہنگامی طور پر بلائی گئی پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم اس بات سے آگاہ ہیں کہ آئی سی سی چند سابق کھلاڑیوں کے خلاف انکوائری میں مصروف ہے، ہمیں اس بارے میں پہلے ہی آگاہ کردیا تھا ، ہمیں ان الزامات پر کافی حیرت ہوئی، ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ان تحقیقات میں کوئی موجودہ کھلاڑی شامل نہیں، یہ تحقیقات نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک مقابلے کے بارے میں نہیں بیرون ملک کھیلے جانے والے میچز کے بارے میں ہورہی ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کی ہم تصدیق کرتے ہیں، اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ گذشتہ کچھ ماہ سے انکوائری میں مصروف ہے تاہم اس بارے میں مزید کوئی تبصرہ نہیںکریں گے۔

پاک سری لنکا کرکٹ سیریز کے میچ آفیشلز کا تقرر، سری ناتھ اور ڈیوڈ بون ریفریز

$
0
0

دبئی: پاکستان کی متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز کیلیے آفیشلز کا اعلان کردیا گیا، سری لنکا کے خلاف سیریز میں 2میچ ریفریز فرائض انجام دیں گے، مجموعی طور پر 9 امپائرز مختلف حیثیت میں ذمہ داری ادا کریں گے۔

افغانستان کے خلاف واحد اور سری لنکا سے 2ٹوئنٹی 20 میچز سمیت ابتدائی تین ون ڈے میچز کے لیے میچ ریفری ڈیوڈ بون ہوں گے، آخری 2 ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز میں میچ ریفری کے فرائض جواگل سری ناتھ نبھائیں گے۔ افغان سائیڈ سے 8 اور سری لنکا سے 11 دسمبر کو شیڈول  پہلے ٹی 20  میں فیلڈ امپائرز احسان رضا اور شوزیب رضا ہوں گے ، تھرڈ امپائر ضمیر حیدر جبکہ احمد شہاب ریزرو امپائر ہوں گے۔ 13 کو شیڈول سری لنکا سے دوسرے ٹی 20 میں فیلڈ امپائرز احسان اور ضمیر جبکہ شوزیب تھرڈ اور شہاب ریزرو امپائر ہوں گے۔

پہلے، تیسرے اور پانچویں ون ڈے کے فیلڈ امپائرز جان کلوٹے اور شوزیب ہوں گے، تھرڈ امپائر رچرڈ النگورتھ اور ریزرو آفیشل احسان رضا ہوں گے۔ دوسرے اور چوتھے ایک روزہ میچ میں رچرڈ اور احسان فیلڈ، جان کلوٹے تھرڈ اور شوزیب ریزرو امپائر کا فریضہ انجام دیں گے۔ 31 دسمبر سے شیڈول پہلے ٹیسٹ میں بروس آکسنفورڈ اور روی سندرم فیلڈ، رچرڈ کیٹل برو تھرڈ اور شوزیب ریزرو امپائر ہوں گے۔ دوسرے میں بروس اور رچرڈ فیلڈ، سندرم تھرڈ اور شوزیب ریزرو ہوں گے۔ 16 سے 20 جنوری تک آخری ٹیسٹ میں کیٹل برو اور سندرم فیلڈ، بروس تھرڈ جبکہ شوزیب ہی ریزرو امپائر کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

مسلسل تیسری اننگز کی شکست کو ویسٹ انڈیز کا انتظار

$
0
0

ڈونیڈن: ڈونیڈن میں مسلسل تیسری اننگزکی شکست کو ویسٹ انڈیز کا انتظار ہے، ٹیم نے فالوآن کے بعد 168 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں، اسے اب بھی228کے خسارے کا سامنا ہے،براوو 72 پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

قبل ازیں پہلی باری کا213 پر اختتام ہوا، یوں 396 رنزکے خسارے کا سامنا کرنا پڑا،چندرپال نے 76 کی اننگز کھیلی۔ یونیورسٹی اوول گرائونڈ میں تیسرے دن3رنز کے اضافے سے ویسٹ انڈیز نے وکٹ گنوا دی، براوو (40) کو سائوتھی نے میک کولم کی مدد سے میدان بدر کیا، یوں مجموعی اسکور70پر3 وکٹ ہو گیا، مارلون سموئلز (14) بھی جلد ہی پیسر کا شکار بن گئے،  چندرپال نے دیونارائن کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی مگر نوجوان بیٹسمین کو15رنز پر سائوتھی نے پویلین واپسی پر مجبور کر دیا، کیچ ٹیلر نے تھاما، تجربہ کار لیفٹ ہینڈر نے دنیش رامدین کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلیے 68رنز کی شراکت بنائی، بولٹ کی گیند واٹلنگ کے گلوز تک پہنچانے سے قبل رامدین نے12رنز اسکور کیے، چندرپال بھی 76 رنز پر ہمت ہار گئے۔

ساؤتھی چوتھی وکٹ کے حصول پر ٹیلر کے شکرگذار نظر آئے، سودھی نے شلنگفورڈ (9) کی بیلز اڑائیں اورگبرائل کو ایل بی ڈبلیو کیا،اس سے قبل ٹینو بیسٹ رن آئوٹ ہوئے، آخری دونوں پلیئرز کھاتہ نہ کھول سکے، کپتان ڈیرن سیمی بے بسی سے وکٹیں گرنے کا تماشہ دیکھتے ہوئے 27 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، سائوتھی نے 4 اور بولٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ویسٹ انڈین ٹیم62.1 اوورز میں213 پر آئوٹ ہوئی، یوں نیوزی لینڈ کو 396 رنز کی سبقت حاصل ہوئی، فالوآن کی رسوائی کا سامنا کرنے والی مہمان سائیڈ نے کھیل ختم ہونے تک168 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں، پاول 12 کو بولٹ نے سائوتھی کی مدد سے واپسی پر مجبور کیا، ایڈورڈز نے براوو کے ساتھ117رنز جوڑے، اوپنر کو 59رنز پر سودھی نے ایل بی ڈبلیو کیا،  براوو 72 اور سموئلز17پر ناٹ آئوٹ واپس گئے، ٹیم کو اب بھی 228رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

بھارت کی فیوچر ٹور پروگرام سے چھیڑخانی بڑھنے لگی

$
0
0

ممبئی: بھارت کی فیوچر ٹور پروگرام کے ساتھ چھیڑخانی بڑھنے لگیں، نیوزی لینڈ کو پاکستان کے بجائے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دے ڈالی۔

بی سی سی آئی آفیشل نے تصدیق کی کہ آئندہ برس اکتوبر نومبر میں ویسٹ انڈیز کے بجائے کیویز کو ہوم سیریز کیلیے مدعو کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کو آئندہ برس کے آغاز میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے اب اس نے کیوی ٹیم کو اکتوبرنومبر میں جوابی دورے کیلیے بھی مدعو کرڈالا۔ فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق بھارت کو اس عرصے میں ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرنا ہے مگر چونکہ بھارت پہلے ہی جنوبی افریقی ٹور کو مختصر کرنے کی خاطر رواں برس ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز کھیل چکا اس لیے وہ چاہتا ہے کہ اگلے برس کے لیے نیا حریف ڈھونڈا جائے، اس مقصد کیلیے اس نے نیوزی لینڈ کو ٹور کی دعوت دے ڈالی ہے۔

اکتوبر میں تو کیوی ٹیم فارغ ہی ہوگی تاہم نومبر میں ایف ٹی پی کی رو سے اسے پاکستان کے ساتھ اوے سیریز کھیلنی ہے جو تین ٹیسٹ، اتنے ہی ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 پر مشتمل ہے، دیگر بورڈز کی طرح نیوزی لینڈ کا بھی مالی طور پر بہت زیادہ انحصار بھارت پر ہی اس لیے وہ کسی بھی صورت اسے ناراض نہیں کرنا چاہے گا، اگر نیوزی لینڈ نے بھارت کی جانب سے اکتوبر اور نومبر میں ٹور کی دعوت قبول کرلی تو لامحالہ اس سے پاکستان کے ساتھ سیریز پر اثرات پڑسکتے ہیں کیونکہ دسمبر میں گرین شرٹس کوپھر زمبابوے سے بھی سیریز کھیلنی ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک ٹاپ آفیشل کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم جنوری فروری میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی اور اکتوبر نومبر میں ہم کیویز کی میزبانی کیلیے تیار ہیں۔

آسٹریلیا نے مونٹی پنیسر کے حوالے سے متنازع ٹویٹ پر معافی مانگ لی

$
0
0

ایڈیلیڈ: کرکٹ آسٹریلیا نے مونٹی پنیسر کے حوالے سے متنازع ٹویٹ پر معافی مانگ لی۔

گذشتہ روز دوسرے ایشز ٹیسٹ سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے آفیشل اکائونٹ سے ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس میں چار نوجوان سکھ کا روپ دھارے رنگ برنگے لباس پہنے ہوئے تھے، سی اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ’ کیا اصلی مونٹی پنیسر سامنے آئیں گے پلیز‘ ۔ اس ٹویٹ کو نسلی امتیازسے تشبیہ دیے جانے پر کرکٹ آسٹریلیا نے فوری طور پر اسے اکائونٹ سے ہٹا دیا، تصویر میں موجود چاروں نوجوان بچوں کی ایک معروف کارٹون سیریز ٹیلی ٹیوبیز جیسے ملبوسات پہنے ہوئے تھے۔ سی اے کی جانب سے کہا گیا کہ ہم اپنے سابق ٹویٹ پر معذرت خواہ ہیں، ہمارا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن مالی بحران کا شکار ہوگئی

$
0
0

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن مالی بحران کا شکارہوگئی، جونیئر ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے بھجوانے پر اخراجات کے بعد اکائونٹ میں صرف 6 لاکھ روپے رہ گئے، عہدیداروں نے معاملات چلانے کیلیے حکومت سے مالی امداد کی اپیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی کو عظمت رفتہ کی طرف واپس لے جانے کیلیے خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے پی ایچ ایف کو مختلف حکومتی حلقوں کی طرف سے ایک ارب کے قریب گرانٹ جاری کی گئی تاہم نتائج میں کچھ خاص بہتری دیکھنے میں نہیں آئی، ذرائع کے مطابق جونیئر ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے بھارت بھجوانے پر اخراجات کے بعد فیڈریشن کے اکاؤنٹ میں اب صرف 6 لاکھ باقی رہ گئے ہیں، 22 کھلاڑیوں کو 20 ماہ سے ماہانہ مراعاتی پیکج کی ادائیگی نہیں کی گئی، انھیں مارچ 2012 میں آخری مرتبہ رقم ادا کی گئی تھی جس کی وجہ سے بیشتر معاشی مسائل سے دوچار ہیں۔

اختر رسول کی سربراہی میں قائم پی ایچ ایف کی نئی مینجمنٹ نے پی ایچ ایف کے پیٹرن انچیف وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کا وقت مانگ لیا تاکہ انھیں مالی بحران سے دوچار فیڈریشن کی صورتحال سے آگاہ کیا جاسکے، فیڈریشن نے ہاکی سرگرمیاں بحال رکھنی کیلیے حکومت سے فوری مالی امداد کی اپیل بھی کی ہے تاکہ تربیتی کیمپس اور فیڈریشن کے  اسٹاف اور کھلاڑیوں کو مراعاتی پیکیج کے تحت ادائیگیاں کی جاسکیں۔


پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ، نیشنل بینک کیخلاف یو بی ایل 129 پر ڈھیر

$
0
0

لاہور: پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں یو بی ایل کی ٹیم 129 رنز پر ڈھیر ہو گئی، نیشنل بینک کے عطا اللہ 4 اور احمد جمال 3 وکٹیں لے اڑے۔

واپڈا کے خلاف اسٹیٹ بینک کی اننگز172 پر سمٹ گئی، اظہر عطاری نے 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ زرعی بینک نے پورٹ قاسم کے مقابل 230 رنز بنائے، محمد طلحہٰ نے 6پلیئرز کو پویلین بھیجا۔ سوئی ناردرن گیس نے پی ٹی وی کے خلاف 5 وکٹ پر 230 رنز بنا لیے۔کے آر ایل نے پی آئی اے کے خلاف 2 وکٹ پر 192رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔قائد اعظم ٹرافی میں پشاور کے 213 کے جواب میں کراچی بلوز4 وکٹیں 46 پر گنواکر مشکلات کا شکار نظر آئی،کراچی وائٹس نے حیدر آباد کے مقابل 5 وکٹ پر 256 رنز بنائے،لاہور شالیمار نے عمر صدیق اور آغا سلمان کی سنچریوں کی بدولت کوئٹہ کیخلاف 5 وکٹ پر 340 کا مجموعہ ترتیب دیا۔ لاہور راوی کے مقابل راولپنڈی نے 9 وکٹ پر 309 بنا لیے، بہاولپور نے ایبٹ آباد کے خلاف 3 وکٹ پر 233 رنز اسکور کیے، اسلام آباد کی ٹیم فیصل آباد سے میچ میں 194 تک محدود رہی۔

تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں مرحلے کے پہلے روز یونائٹیڈ بینک کی ٹیم صرف 129 پر ڈھیر ہو گئی، محمد ارشاد نے 11 ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 36 رنز بنائے، کوئی اور بیٹسمین مزاحمت نہ کر سکا، عطا اللہ 4،احمد جمال 3، حماد اعظم 2وکٹیں لے اڑے۔ جواب میں نیشنل بینک نے 2 وکٹ پر 100 رنز بنا لیے، اسٹیٹ بینک کی اننگز بھی 172سے آگے نہ بڑھ پائی، اظہر عطاری نے 5 اور محمد حسیب نے 4 شکار کیے، واپڈا نے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 35 رنز بنا لیے۔

سوئی ناردرن گیس ٹیم نے توفیق عمر کے 63 رنز کی بدولت 5 وکٹ پر 203 رنز اسکور کیے،پی ٹی وی کے باسم مرتضیٰ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ زرعی بینک کی اننگز کا 230 پر اختتام ہوا، لقمان بٹ 65 رنزکے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے،محمد طلحہ نے 6 وکٹیں لیں، پورٹ قاسم نے 2 وکٹ پر 78 رنز بنا لیے۔ کے آر ایل نے سعید انور جونیئر کے ناقابل شکست 77 رنز سے تقویت پاتے ہوئے 2 وکٹ پر 191 رنز جوڑ لیے، بڑے اسکور کا راستہ روکنے کیلئے پی آئی اے کے بولرز کو سخت محنت کرنا پڑے گی۔ قائد اعظم ٹرافی میں  پشاور ریجن کی ٹیم213رنز تک محدود رہی، اعظم خان نے 69 رنز بنائے، زوہیب شیرا نے 5 اور راجیش رمیش نے 3پلیئرز کو پویلین بھیجا۔ جواب میں کراچی بلوز نے64 پر 4 وکٹیں گنوا دیں۔

حیدر آباد کے خلاف کراچی وائٹس نے5 وکٹ پر 256 رنز بنائے، حمزہ گانچی نے 74 اور آصف ذاکر نے ناقابل شکست 70 رنز بنائے۔لاہور شالیمار نے 5 وکٹ پر 340 کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا، آغا سلمان نے 141 رنز بنائے، عمر صدیقی 143 پر ناقابل شکست ہیں،گوہر فیاض نے 3 وکٹیں حاصل کیں، لاہور راوی کے خلاف راولپنڈی کا اسکور 9 وکٹ پر 309 رہا، اویس ضیا83 اور مزمل نظام 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بلاول اقبال 4 اور تنزیل الطاف 3 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بہاولپور نے ایبٹ آباد کے بولرز کا امتحان لیتے ہوئے 3 وکٹ پر 235 رنز بنا لیے، فیصل مبشر 91 اور ریحان رفیق 90 پر ناقابل شکست ہیں۔ اسلام آبادکی  ٹیم علی سرفراز کے 79 رنز کے باوجود 194 سے آگے نہ بڑھ پائی، سلمان علی 4، فہیم اشرف 3 اور نصیر اکرم 2 وکٹیں لے اڑے۔ فیصل آباد نے بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنا لیے۔

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2014 کے لئے 32 ٹیمیں 8 گروپوں میں تقسیم

$
0
0

ریوڈی جنیرو: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2014 میں شریک ٹیموں کے گروپوں کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق 32 ٹیموں کو 8 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

فٹبال کی عالمی تنظیم ’’فیفا‘‘ نے برازیل میں ہونے والے ورلڈ کپ 2014 کے لئے گزشتہ ورلڈ کپ کی فائنلسٹ جرمنی اور ہالینڈ کو ایک ہی گروپ میں رکھا ہے، گروپ ’اے‘ میں میزبان برازیل کے علاوہ میکسیکو، کروشیا اور کیمرون کی ٹیمیں شامل ہیں، گروپ ’بی‘ دفاعی چیمیئن اسپین، چلی، آسٹریلیا اور ہالینڈ کی ٹیموں پر مشتمل ہے، گروپ ’سی‘ میں کولمبیا، جاپان، یونان اور آئیوری کوسٹ کی ٹیمیں شامل ہیں، گروپ ’ڈی‘ میں اٹلی، انگلینڈ، یورا گوئے اور کوسٹا ریکا کو رکھا گیا ہے، اسی طرح گروپ ’ای‘ میں فرانس، سوئٹزر لینڈ، ایکوڈور اور ہنڈراس کی ٹیمیں شامل ہیں، گروپ ’ایف‘ میں ارجنٹینا، نائجیریا، ایران اور بوسنیا، گروپ ’جی‘ میں جرمنی، گھانا، امریکا اور پرتگال جبکہ آخری اور گروپ ’ایچ‘ بیلجیئم، الجیریا، جنوبی کوریا اور روس کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔

فیفا کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ کا پہلا میچ میزبان برازیل اور کروشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان ٹیم افغان ’شاگردوں‘ کا ہنر آزمانے کو تیار

$
0
0

دبئی: پاکستان نے شاگردوں کا ہنر آزمانے کیلیے تیاری  مکمل کرلی، فاسٹ بولر بلاول بھٹی  ویزے کا بندوبست ہونے کے بعد دبئی میں دیگر کھلاڑیوں سے جاملے۔

کپتان محمد حفیظ اور آل رائونڈر شاہد آفریدی نے بھی اسکواڈ کو جوائن کرلیا، سری لنکا کیخلاف سیریز کی تیاری کیلیے وارم اپ کے طور پر رکھا گیاواحد ٹوئنٹی20 میچ اتوار کو کھیلا جائے گا، پناہ گزینی کے دور میں کرکٹ کے گر سیکھنے والی پڑوسی ملک کی ٹیم استادوں کو سبق سکھانے کے خواب دیکھنے لگی، کوچ کبیر خان کا کہناہے کہ اچھی کارکردگی کی بدولت دنیا کی توجہ حاصل کرنے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینگے۔ محمدحفیظ نے افغانستان کو خطرناک حریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میچ کو آسان لینے کے بجائے بھرپور قوت کے ساتھ کامیابی کیلیے میدان میں اتریں گے۔ تفصیلات کے مطابق  سری لنکا سے  سیریز کی تیاری کیلیے وارم اپ کے طور پر واحد ٹوئنٹی20 میچ افغانستان کیخلاف اتوار کو  شیڈول کیا گیا ہے، ٹکڑوں میں جانے والی پاکستان ٹیم کے سعید اجمل کے سوا تمام کھلاڑی دبئی پہنچ چکے ہیں، فاسٹ بولر بلاول بھٹی کے ویزا مسائل کا حل تلاش کرلیا گیا۔

کپتان محمد حفیظ اور آل رائونڈر شاہد آفریدی نے بھی اسکواڈ کو جوائن کرلیا،دوسری طرف  پاکستان سے کرکٹ کے گر سیکھنے والی پڑوسی ملک کی ٹیم گرین شرٹس کے خلاف اس فارمیٹ کے پہلے انٹرنیشنل مقابلے میں استادوں کو سبق سکھانے کے خواب دیکھ رہی ہے۔ پاکستان کی طرف سے 4ٹیسٹ اور 10ون ڈے میچ کھیلنے والے افغان ٹیم کے کوچ کبیر خان کا کہناہے کہ میچ ہمارے لیے تاریخی حیثیت رکھتا ہے، اچھی کارکردگی کی بدولت دنیا کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں،اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دینگے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان کرکٹ کو بہت سپورٹ کیا ہے،گزشتہ سال گرین شرٹس کی بدولت ہی آئی سی سی کی فل ممبر ٹیم سے پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع ملا تھا،اپنے پانچویں ٹوئنٹی 20 میچ کو ملکی تاریخ کی پہلی فتح کے ساتھ یادگار بنانے کی پوری کوشش کریں گے، پاکستان ٹیم کے کپتان محمدحفیظ کے مطابق افغانستان ایک خطرناک حریف ہے، میچ کو آسان لینے کے بجائے بھرپور قوت کے ساتھ کامیابی کیلیے میدان میں اتریں گے۔

انھوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کی ٹیم عمدہ کارکردگی کی بدولت ورلڈ کپ 2015 کے بعد حال ہی میں عالمی ٹوئنٹی 20 ایونٹ کیلیے بھی کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی،مختصر طرز کے مقابلوں میں77 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر سعید اجمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ورلڈ کلاس اسپنر کی کمی محسوس ہوگی،تاہم  ان کی عدم موجودگی میں دوسروں کو ذمے داری اٹھانے اور پرفارم کرنے کا موقع ملے گا۔  لاہور ائیرپورٹ پر دبئی روانگی سے قبل  محمد حفیظ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ  جنوبی افریقہ سے سیریز جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، دبئی میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی ہر میچ میں بہترین پرفارم نہیں کرسکتا، تاہم ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ملک کیلیے اچھا کھیلے، گزشتہ ڈیڑھ سال سے ہماری بیٹنگ میں مسلسل خامیاں سامنے آرہی ہیں، امید ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ٹیم کیلیے بیٹنگ کوچ کا تقرر کردے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی ٹیم کا مستقبل ہیں،ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، بطور کپتان انہیںٹوئنٹی 20کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ مواقع دیتے ہیں، آل رائونڈرز بلاول بھٹی اور انور علی نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ عبدالرزاق کو کارکردگی دکھانے کا مناسب موقع نہیں مل سکا، تاہم آل رائونڈر محنت کرکے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔

کلارک اور ہیڈن نے انگلش بولرز کے اوسان خطا کردیے

$
0
0

ایڈیلیڈ: کپتان مائیکل کلارک اور بریڈ ہیڈن نے انگلش بولرز کے اوسان خطا کردیے، دونوں کی سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ایشز ٹیسٹ میں 570 کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دے دیا۔

کینگروز نے پہلی اننگز 9 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کی، کپتان 148 اور وکٹ کیپر نے 118 رنز اسکور کیے، دونوں نے کئی انفرادی ریکارڈز بھی قائم کیے، مہمان ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام پر جوابی اننگز میں ایک وکٹ پر 35رنز جوڑ لیے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے دن بھی آسٹریلیا چھایا رہا، میزبان ٹیم نے کپتان مائیکل کلارک اور بریڈ ہیڈن کی سنچری اننگز کی بدولت 9 وکٹ پر 570 کا بڑا مجموعہ ترتیب دیکر انگلش ٹیم کو دبائو کا شکار کردیا، کلارک نے 17چوکوں کی مدد سے 148رنز اپنے نام درج کیے جبکہ ہیڈن نے 118 رنز بنانے کیلیے 177گیندوں کا سامناکیا، ان کی اننگز میں 11چوکے اور 5 سکسر شامل رہے، ریان ہیرس نے55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ بطور کپتان کلارک کی 12ویں سنچری ہے۔

دوسری جانب ہیڈن نے ایشز میں تیسری اور مجموعی طور پر چوتھی سنچری بناکر ایڈم گلکرسٹ کے ایشز میں بطور وکٹ کیپر سب سے زیادہ تھری فیگر اننگز کھلنے کا ملکی ریکارڈ برابر کردیا، دونوں پلیئرز کے درمیان چھٹی وکٹ کیلیے 200 رنز کی شراکت بھی بنی، جو اس پوزیشن پر ایڈیلیڈ میں پہلی ڈبل سنچری ساجھے داری بھی ریکارڈ ہوئی جبکہ مجموعی طور پر یہ چھٹے نمبر پر آسٹریلیا کی ساتویں 200 پلس شراکت بنی، آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں مجموعی طورپر 12 چھکے بھی جڑے، اسٹورٹ نے 3 جبکہ گریم سوان اور بین اسٹوکس نے 2،2 مہرے کھسکائے، انگلینڈ نے جوابی اننگز میں دوسرے دن کے اختتام تک ایک وکٹ پر 35رنز جوڑے، کپتان الیسٹرکک3رنز بناکر جونسن کا شکار بنے، مائیکل کیربیری20 اور جوئے روٹ 9رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

ڈونیڈن ٹیسٹ‘ ڈیرن براوو کے کیریئر کی اولین ڈبل سنچری

$
0
0

ڈونیڈن: ڈیرن براوو نے کیریئر کی اولین ڈبل سنچری بناکر ویسٹ انڈیز کو اننگز کے خسارے سے باہر نکال لیا، نوجوان بیٹسمین 210رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

فالوآن سے دوچار مہمان ٹیم نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کی برتری  396 رنزکو ختم کرتے ہوئے6 وکٹ پر443 رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، براوو کی عمدہ کاوش کی بدولت میزبان سائیڈ کودوبارہ بیٹنگ کرنا پڑیگی، انھوں نے نرسنگھے دیونارائن (52)کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلیے122رنز کی پارٹنر شپ بھی قائم کی۔ تفصیلات کے مطابق ڈونیڈن ٹیسٹ کے چوتھے دن ڈیرن براوو کی اولین ناقابل شکست ڈبل سنچری کی بدولت کیویز کی یقینی فتح دھندلانے لگی ہے، نوجوان بیٹسمین کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت396 رنز کے خسارے میں جاکر فالوآن ہونے والی مہمان سائیڈ نے دوسری اننگز میں 6 وکٹ پر443 رنز جوڑ کر47 رنز کی سبقت لے لی۔

ڈیرن ابھی 210رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، اپنی اننگز کے دوران انھیں متنازع ریفرل سسٹم پر بھی چانس ملا جبکہ 82 کے انفرادی اسکور پر نیل ویگنر نے اپنی ہی گیند پر کیچ تھامنے کا موقع بھی گنوادیا، ڈیرن براوو دوسری اننگز میں ڈبل سنچری داغنے والے پانچویں ویسٹ انڈین بیٹسمین بنے، یہ ان کی پانچویں ٹیسٹ سنچری بھی ہے، اس سے قبل ان کا بہترین انفرادی اسکور 195 تھا، جو انھوں نے بنگلہ دیش کیخلاف ڈھاکا میں 2011 میں بنایا تھا، انھیں اپنے 2 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے کیلیے محض ایک رن درکار ہے، نرسنگھے دیونارائن 52رنز بناکر پویلین واپس ہوئے جبکہ ڈیرن سیمی بھی 44رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، براوو اور ان کے درمیان اب تک ساتویں وکٹ کیلیے 80رنز کی ناقابل شکست شراکت بن چکی ہے، ایش سودھی نے 2 وکٹیں لیں۔

میچ فکسنگ اسکینڈل، کیوی کرکٹرز 2008 کی آئی سی ایل میں یکجا تھے

$
0
0

میلبورن: آئی سی سی کی جانب سے تین کیوی کرکٹرز لوونسنٹ، کرس کینز اور ڈیرل ٹفی کیخلاف ہونے والی حالیہ تحقیقات کے حوالے سے میڈیا میں انکشاف کیاگیا ہے کہ ان تینوں پلیئرز کی مشتبہ سرگرمی کا تعلق 2008 میں بھارتی ٹی 20 ایونٹ آئی سی ایل میں شرکت سے ہے، جب یہ تینوں پلیئرز اس ایونٹ میں یکجا ہوئے تھے۔

میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حالیہ تحقیقات کا تعلق تین سے چار برس قبل کھیلے گئے ان میچز سے ہے، جس میں ایک سے زائد ممالک کے پلیئرز اس میں ملوث بتائے گئے ہیں، واضح رہے کہ انڈین کرکٹ لیگ ( آئی سی ایل ) کے 2008 ایڈیشنز میں تینوں کیوی پلیئرز نے چندی گڑھ لائنز نامی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، جس کا توڑ کرنے کیلیے بھارتی کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کو میدان میں لایا تھا۔

دوسری جانب الزامات کا شکار کیوی پلیئر لوونسنٹ کا کہنا ہے کہ میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے ہوئے ہوں ، تاہم دوسرے کھلاڑی کرس کینز کا کہنا ہے کہ مجھے اس حوالے سے تاریکی میں رکھاگیا ہے، دریں اثنانیوزی لینڈ کرکٹ کے سابق چیف جسٹن وان نے بھی اسکینڈل پر افسوس کااظہار کیا ہے، علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کرکٹ کے ورلڈ کپ باس نے مطالبہ کیا ہے کہ میچ فکسنگ پر کریمنل جرائم کا معاملہ ورلڈ کپ 2015 سے نبٹا دینا چاہیے، آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف اور کیوی وزیر کھیل میوری میک کولی نے کہا کہ میں نے اس معاملے کی طوالت پر حکومتی ایجنسیوں سے مشاورت بھی کی ہے۔

ورلڈ ٹی 20 جیت کر بھارتی کپتان دھونی منفرد ریکارڈ بنانے کے خواہاں

$
0
0

دبئی: ون ڈے ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم آئندہ برس بنگلہ دیش میں شیڈول ورلڈ ٹی 20 ٹائٹل بھی اپنے نام کرنا چاہتی ہے، تاکہ ہم بیک وقت تینوں ورلڈ ٹرافیز اپنے قبضے میں کرسکیں۔

یہ بطور کپتان ذاتی طورپر میرے لیے بہت خوش کن ہوگا، میں اپنی زیرقیادت ایک مرتبہ پھر بھارت کو مختصر فارمیٹ میں بھی ورلڈ چیمپئن بنوانا چاہتا ہوں، اگر بھارت آئندہ برس بنگلہ دیش میں فتح سے ہمکنار ہوجاتا ہے تو یہ اپنی نوعیت کا منفرد ریکارڈ بن جائیگا، انھوں نے کہا کہ ہم بنگلہ دیشی کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ ہیں، بھارت میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز ڈھاکا میں 21 مارچ کو پاکستان کیخلاف میچ سے کرے گا۔


آسٹریلین فٹبال میچ فکسنگ، 3 افراد کا اعتراف جرم

$
0
0

کینبرا: آسٹریلیا کی تاریخ کے بڑے فٹبال میچ فکسنگ اسکینڈل میں تین افراد نے اعتراف جرم کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق اپنی غلطی تسلیم کرنے والوں میں ایک ملائیشین شہری اور دو انگلش فٹبالرز شامل ہیں، جنھوں نے انٹرنیشنل میچ فکسنگ سنڈیکیٹ کا حصہ بنے رہنے کا جرم قبول کرلیا، جمعے کو ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ سیگارین جی سبرامنیم نے اسکینڈل کی تحقیقات کی روشنی میں اپنا جرم قبول کرلیا، تفتیشی حکام نے انھیں سائودرن اسٹار کلب کے پانچ میچز کے نتائج میں گڑبڑ کرنے کا مرکزی ملزم گردانا ہے، یہ میچز رواں برس وکٹورین پریمیئر   لیگ میں جولائی اور ستمبر کے درمیان کھلیے گئے تھے، اس کے علاوہ انگلش دفاعی پلیئر ریسی نوئل اور گول کیپر جوئے وولی نے پانچ میچز میں اس کی معاونت کرنے کا اعتراف کرلیا۔

اسے آسٹریلین اسپورٹس تاریخ کا سب سے بڑا میچ فسکنگ اسکینڈل خیال کیا جارہا ہے، تفتیش کاروں کے مطابق اس معاملے پر آسٹریلیا اور بیرون ملک 2 ملین ڈالر سے زائد کی شرطیں جیتی گئی تھیں، پولیس نے اس کیس پر ابتدائی طور پر 10 افراد کو حراست میں لیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونیو الے بہت سے پلیئرز کا تعلق انگلینڈ سے ہے اور وہ اپنے ملکی آف سیزن میں آسٹریلیا میں کھیلنے کیلیے آتے ہیں، پولیس نے اس آپریشن کا آغاز اگست میں فٹبال فیڈریشن آسٹریلیا (ایف ایف اے ) سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر کیا تھا۔

فٹبال ورلڈ کپ 2014 کے ڈراز کا اعلان، اسپین، نیدرلینڈز، چلی اور ارجنٹائن یکجا

$
0
0

کوسٹا ڈی سواپی / برازیل: ورلڈ کپ 2014 کے ڈراز کا اعلان کردیاگیا ، جمعے کی شب منعقدہ رنگارنگ تقریب میں دنیا کے نامور فٹبالرز نے شرکت سے محفل کو چار چاند لگادیے، عظیم فٹبالر پیلے بھی اسٹیج پر جلوہ گر ہوئے۔

اعلان کردہ ڈراز کے مطابق ایونٹ میں شامل 32 ممالک کو چار، چار کے آٹھ گروپس میں تقسیم کیاگیا ہے، گروپ ’ اے ‘ میں میزبان برازیل کو کروشیا، میکسیکو اور کیمرون کا چیلنج درپیش ہوگا، دفاعی چیمپئن اسپین، نیدرلینڈز، چلی اور آسٹریلیا کو گروپ ’بی‘ میں جگہ دی گئی ہے، گروپ ’سی‘ میں کولمبیا، یونان، آئیوری کوسٹ اور جاپان کو رکھا گیا ہے، گروپ ’ڈی‘ میں شامل انگلش ٹیم کو ابتدائی لیگ میچز میں یوروگوئے، کوسٹا ریکا اور اٹلی کا سامنا رہے گا، گروپ ’ای‘ سوئٹزرلینڈ، ایکواڈور، فرانس اور ہونڈراس سے مکمل کیاگیا ہے، گروپ ’ ایف ‘ میں ارجنٹائن، بوسنیا ہرزیگوینیا ، ایران اور نائیجیریا اپنی قسمت آزمائیں گے، ٹائٹل فیورٹ جرمنی، پرتگال، گھانا اور امریکا کو گروپ ’ جی‘ میں رکھاگیا ہے جبکہ آخری گروپ ’ ایچ ‘ بیلجیئم، الجیریا، روس اور جنوبی کوریا کی شمولیت سے مکمل ہوا ہے۔برازیلین آرٹسٹ الکوائن، مارگریٹ مینزیس، الیگزینڈرا پائرس، ونیسا ڈا ماٹا اور میوزیکل گروپ اولوڈم نے بھی اپنے فن کا جادوجگایا۔میزبانی کے فرائض مقامی اداکارہ فرنانڈا لیما اور ان کے شوہر روڈریگو ہلبرٹ نے انجام دیے۔

گرفن اسکواش، فرحان زمان کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

$
0
0

نیویارک: گرفن اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں فرحان زمان کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، حمزہ شاہ بخاری اور یاسر علی بٹ کی ہمت پہلے ہی راؤنڈ میں جواب دے گئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست  فلوریڈا میں جاری گرفن اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسٹار فرحان زمان نے ابتدائی رائونڈ میچ میں  ویلز کے پیٹر گریڈ کو 3-0 سے زیر کرلیا، سیکنڈ سیڈ پلیئر نے پہلا گیم 11-9 سے جیتا، دوسرے میں بھی ویلز کے کھلاڑی مکمل طور پر بجھے بجھے دکھائی دیے اورفرحان نے با آسانی11-6 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے برتری 2-0 کرلی۔ تیسرے گیم میں قومی اسٹار نے یکطرفہ مقابلے میں حریف کھلاڑی کو 11-5 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی پالی۔

ایک اور میچ میں پاکستانی پلیئر حمزہ شاہ بخاری  ٹاپ سیڈ الفریڈواویلا کے ہاتھوں 3-0 سے ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ حمزہ نے پہلے گیم میں حریف کھلاڑی کو ٹف ٹائم دیا مگر آخری لمحات میں چند عمدہ شارٹس نے الفریڈو کو13-11 سے کامیابی دلا دی۔ دوسرے گیم میں پاکستانی کھلاڑی 11-6 سے ناکام ہوئے، تیسرے میں مقابلہ تو خوب کیا مگر 13-11 سے ناکامی نے انھیں ایونٹ سے آئوٹ کردیا۔  تھرڈ سیڈ یاسر علی بٹ انگلینڈ کے روبن فلپس کے ہاتھوں 3-1 سے ہار گئے۔ روبن کی فتح کا اسکور11-9،9-11،11-7 اور11-6 رہا۔ فرحان زمان کوارٹر فائنل میں ہفتے کو  میکسیکن ایرک الویز کیخلاف مقابلے کیلیے کورٹ میں اتریں گے۔

اسپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک گیمز، پاکستان 51 میڈلز جیتنے میں سرخرو

$
0
0

کراچی: آسڑیلیا کے شہر نیو کاسل میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک گیمز 2013جمعرات کو اختتام پذیر ہوگئے، پاکستان نے گیمز میں مجموعی طور پر51 تمغے حاصل کیے۔

گیمز کے آخری روز پاکستانی کھلاڑیوں نے مزید28 میڈلز کا اضافہ کیا، سب سے زیادہ تمغے بوکی(بالنگ) میں حاصل کیے گئے جن میں 8گولڈ،3 سلوراور 4 برانز میڈلز شامل ہیں، سہیل خان نے بیڈمنٹن میں مجموعی طورپر 3 گولڈ میڈلزاپنے نام کیے،جمعے کو گیمز کی تقریب تقسیم انعامات ہوگی، موصولہ اطلاعات کے مطابق عاطف علی، محمد حسیب عباسی،عبدالوہاج خان اورمحمد علی طاہر نے  بوکی کے  مردوں کے مختلف مقابلوں میں گولڈ میڈلز جیتے جبکہ ماریہ ذوالفقار اور صائمہ تبسم نے خواتین سنگلز کے مختلف درجات میں طلائی تمغے اپنے نام کیے،مینز ڈبلز میں عاطف علی اور حسیب نے جبکہ ویمنز ڈبلز میں عظمت تارا اورنبیلہ مختار نے گولڈ میڈلز پر قبضہ جمایا،صبا اورنمرانے ویمنز سنگلز کے مختلف درجات میں سلور میڈلز اپنے نام کیے جبکہ صابر شبیر اور شمائلہ نے ویمنز ڈبلزمیں سلور میڈل حاصل کیا۔

پاکستان نے ایتھلیٹکس مقابلوں میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اورمجموعی طور پرایک گولڈ،2 سلوراور3 برانز میڈلز جیت لیے، عمران حسنین نے  لانگ جمپ ڈویژن7 میں سونے کا تمغہ گلے کا ہار بنایا، تہمینہ نے خواتین کے شاٹ پٹ ایونٹ میں نقرئی تمغہ جیتا جبکہ گوہر علی نے 100 میٹر کی دوڑ میں سلور میڈل حاصل کرلیا،ثنا علی اور رضیہ منظور نے ویمنز 200میٹرز کے مختلف درجات میں برانزمیڈل جیتے،اس کے علاوہ عمران،نادر، صہیب اور اسامہ مصطفیٰ پر مشتمل ٹیم نے مردوں کی 4×100ریلے ریس میںتیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل جیت لیا،گزشتہ روز بیڈمنٹن میںطلائی تمغہ حاصل کرنے والے سہیل خان نے آخری روز بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مینز ڈبلز میںنعمان کی شراکت میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد قرۃ العین کی ہمراہی میںمکسڈ ڈبلز ٹائٹل بھی جیت کر تیسرا گولڈ میڈل حاصل کیا۔

پاکستان نے ٹیبل ٹینس میں بھی 2گولڈ میڈلز جیتے،انعم احمد اورجاذب نوید کے علاوہ ایمان خان اور عطیہ نے ویمنز ڈبلز کے درجات میں اپنے ملک کو طلائی تمغے دلوائے،پاکستان نے باسکٹ بال اور فٹبال کے فائنل تک رسائی حاصل کی مگر ٹائٹل نہ جیت سکا،اس طرح پاکستان کو ان دونوں ایونٹس میں سلور میڈلز پر ہی اکتفا کرنا پڑا،جمعہ کو ہنٹر اسٹیڈیم میں گیمز کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی، بعدازاں 78 رکنی قومی دستہ واپس وطن روانہ ہو جائے گا، کراچی کے کھلاڑی پیرکی شب پاکستان پہنچیں گے جبکہ لاہور اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی و آفیشلز کی آمد اگلے روز ( منگل ) کو ہوگی، قومی دستے میں 60کھلاڑی اور18 آفیشلزشامل ہیں۔

نیا کوچ ملکی ہو یا غیرملکی ، فرق نہیں پڑیگا، محمد حفیظ

$
0
0

کراچی: پاکستان ٹوئنٹی 20 کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کا آئندہ کوچ ملکی ہو یا غیرملکی ، اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑیگا۔

واضح رہے کہ دبئی روانگی سے قبل قومی ٹیم کے منیجر معین خان نے میڈیا سے گفتگو میں دیسی کوچ کی حمایت کردی تھی، اس مقصد کیلیے انھوں نے غیرمحسوس طور پر اپنی خدمات بھی پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مجھے بھی مستقبل میں کوئی ذمے داری دی گئی تو اس سے انصاف کرنے کی پوری کوشش کروں گا، موجودہ قومی ٹیم کے آسٹریلوی نژاد کوچ ڈیو واٹمور فروری میں اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے، حفیظ نے کہا کہ واٹمور نے اپنا کام بااحسن انداز میں انجام دیا ، بورڈ کی جانب سے آئندہ کوچ ملکی ہو یا غیرملکی اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑیگا، لیکن میں یہ بات ضرور کہ سکتا ہوں کہ واٹمور نے ہمارے ساتھ اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کام کیا ہے۔

کوچ صرف پلیئرز کو بہترین چیزیں بتاسکتا ہے اسکے بعد یہ پلیئرز پر ہوتا ہے کہ وہ اس سے کس انداز میں فائدہ اٹھاپاتے ہیں، معین خان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے مقامی کوچ کا حامی رہا ہوں، میں نے اس وقت بھی یہ بات کہی تھی جب میں بطور معاون منیجر ٹیم کیساتھ وابستہ ہوا تھا، میری دانست میں پلیئرز مقامی کوچ کی بات کو بخوبی سمجھ پاتے ہیں اور وہ ملکی کرکٹ میں بہتری لانے میں زیادہ کارآمد ثابت ہوسکتا ہے، معین کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں اپنے سابق کرکٹرز کی خدمات سے اس شعبے میں بھی استفادہ کرنا چاہیے، سابق وکٹ کیپر نے یہ بھی کہا تھا کہ میں کسی بھی حیثیت میں ملک کی خدمت کیلیے ہمہ وقت حاضر ہوں۔

Viewing all 17498 articles
Browse latest View live


<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>